سرکاری ملکیتی اداروں کے بارے میں کابینہ کمیٹی کا اجلاس وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی صدارت میں اسلام آباد میں ہوا۔
اجلاس میں وزارت اطلاعات ونشریات کی جانب سے پاکستان براڈکاسٹنگ کارپوریشن اور پاکستان ٹیلی ویژن کارپوریشن کی پائیدار ترقی کیلئے اہم آپریشنل چیلنجز سے نمٹنے اور لائحہ عمل تشکیل دینے کیلئے پیش کیے گئے الگ الگ کاروباری منصوبوں کاجائزہ لیا گیا۔
پاکستان براڈ کاسٹنگ کارپوریشن کیلئے پیش کئے گئے کاروباری منصوبے میں بنیادی طورپر کئی اقدامات پرتوجہ مرکوز کی گئی ہے جن میں پروگرام کے بہتر مواد اور سگنل کے بہتر معیار کے ذریعے آمدن کے حصول کویقینی بنانا ہے۔
منصوبے میں مختلف شہروں میں سات بڑی غیر استعمال شدہ عمارتوں اور زمین کے چھ بڑے قطعات کو استعمال میں لانا، ATMBOOTHS کی تنصیب اور ریڈیوپاکستان کے مختلف مقامات پر تشہیری بل بورڈز کی تنصیب شامل ہے۔