Saturday, 18 January 2025, 10:00:43 am
 
قومی اسمبلی،آئی ٹی برآمدات میں 28فیصداضافہ ہوا
January 17, 2025

قومی اسمبلی کو آج بتایا گیا کہ رواں مالی سال کے پہلے چھ ماہ میں انفارمیشن اور کمپیوٹر ٹیکنالوجی کی برآمدات میں اٹھائیس فیصد اضافہ ہوا ہے۔

انفارمیشن ٹیکنالوجی کی وزیر مملکت شزا فاطمہ خواجہ نے وقفہ سوالات کے دوران ایوان کو بتایا کہ برآمدات میں یہ براہ ِ راست اضافہ ملک میں انٹرنیٹ کے استعمال اور اس کی رفتار میں اضافے کی بدولت ممکن ہوا۔

انہوں نے کہا کہ وی پی این اور واٹس ایپ مکمل طور پر فعال ہیں اور انٹرنیٹ کے مجموعی استعمال میں نمایاں بہتری لانے کیلئے جامع کوششیں کی جا رہی ہیں۔

ماحولیاتی تبدیلی کے پارلیمانی سیکرٹری احمد عتیق انور نے ایوان کو بتایا کہ سرسبز پاکستان پروگرام پر عملدرآمد کیلئے قومی سطح پر ایک پروگرام شروع کیا گیا ہے جس کے تحت دو ہزار اٹھائیس تک تین ارب انتیس کروڑ درخت لگانے کا ہدف پورا کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے فنڈز تک رسائی کا عمل بہتر بنانے کیلئے ایک نیا کلائمیٹ فنانس گورننس فریم ورک قائم کرنے پر غور کر رہی ہے۔ایوان کا اجلاس اب پیر کی شام پانچ بجے ہو گا۔