Wednesday, 15 January 2025, 11:25:43 am
 
حریت کانفرنس کی بھارتی مظالم اورطاقت کے وحشیانہ استعمال کی شدید مذمت
January 14, 2025

کل جماعتی حریت کانفرنس اور دیگر حریت رہنماؤں نے غیر قانونی طور پربھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم اورطاقت کے وحشیانہ استعمال کی شدید مذمت کی ہے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق رہنماؤں نے کہاکہ کشمیر ایک بین الاقوامی طورپر تسلیم شدہ تنازعہ ہے جس کے سیاسی مستقبل کا فیصلہ اقوام متحدہ کی زیر نگرانی رائے شماری کے ذریعے کیا جاناہے ۔

حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری بیان میں مقبوضہ علاقے کے دورے کے دوران بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی تعریف کرنے پر وزیراعلیٰ عمر عبداللہ پر کڑی تنقید کی۔

انہوں نے عبداللہ کے بیان کو ان کشمیریوں کی توہین قرار دیا جنہوں نے انہیں ووٹ دیا تھا اور جو ان سے توقع رکھتے تھے کہ وہ کشمیری عوام کے سیاسی حقوق کی ترجمانی کریں گے۔

انہوں نے اعادہ کیاکہ مسئلہ کشمیر ناقابل تردید تنازع ہے جسے بھارت سمیت کوئی طاقت مسترد نہیں کر سکتی۔

دیگر حریت رہنماؤں نے بھی عمر عبداللہ کے بیان کی مذمت کی ۔ حریت رہنماؤں نے کہا کہ بھارتی وزیر اعظم کا مقبوضہ کشمیر کا دورہ آر ایس ایس جیسی ہندوتوا تنظیموں کے کشمیر مخالف ایجنڈے کو آگے بڑھانے کی ایک کوشش تھی۔

انہوں نے نریندرمودی کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم وجبر کی علامت اور ان کے نام نہاد ترقی کے دعوئوں کو نہتے کشمیریوں پر جاری مظالم اورغیر قانونی قبضے کی پردہ پوشی کرنے کی ایک کوشش قرار دیا۔