امریکہ میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے سلیکون ویلی میں گوگل پلیکس کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے گوگل میں کام کرنے والے پاکستانی ٹیک پروفیشنلز کے ساتھ غیر رسمی تبادلہ خیال کیا۔
پاکستان کے سفیر نے پاکستان کی تیزی سے بڑھتی ہوئی آئی ٹی مارکیٹ، اس کی بے پناہ استعدادِ کار اور سلیکون ویلی اور امریکی ٹیک ایکو سسٹم میں ملک کے اسٹریٹجک مقاصد کو اجاگر کیا۔
ملاقات کے دوران انہوں نے پاکستان کے آئی ٹی ٹیلنٹ کو اجاگر کیا کہ وہ کس طرح بین الاقوامی مارکیٹ میں ترقی کی منازل طے کرنے کے لیے بہتر طور پر اپنے آپ کو تیار کر سکتے ہیں ۔
سفیر پاکستان رضوان سعید شیخ نے عالمی ٹیک ایکو سسٹم میں پاکستان کی بطور ایک اہم پارٹنر نمائندگی کے حوالے سے پاکستانی امریکی ٹیک کمیونٹی کے اہم کردار پر زور دیا۔
سفیر پاکستان نے اس امر کو اجاگر کیا کہ کس طرح سفارت خانہ اور قونصل خانے پاکستانی اور امریکی ٹیک کمپنیوں کے درمیان تعاون کو فروغ دینے کے لیے پلیٹ فارم اور راستے کے طور پر کام کر سکتے ہیں۔
سفیر نے شرکا کو پاک یو ایس ٹیک انویسٹمنٹ کانفرنس سے بھی آگاہ کیا جس کا ا ہتمام پاکستانی سفارت خانہ اور قونصلیٹ جنرل آف پاکستان کی جانب سے کیا جا رہا ہے اور جو 10 نومبر 2024 کو اسٹینفورڈ یونیورسٹی میں منعقد ہوگی۔
قبل ازیں، سفیر پاکستان رضوان شیخ اور لاس اینجلس میں پاکستان کے قونصل جنرل نے گوگل کے کنٹری ہیڈ برائے پاکستان سے ورچوئل میٹنگ کی۔ سیشن کے دوران، سفیر نے پاکستان کی آئی ٹی صنعت کی ترقی، حکومتی پالیسیوں اور اقدامات کے بارے میں اظہار خیال کیا ۔
سفیر پاکستان نے کہا کہ ان اقدامات کا مقصد پاکستان کو عالمی آئی ٹی ایکو سسٹم میں ضم کرنا، روزگار پیدا کرنا اور آئی ٹی برآمدات کو بڑھانا ہے۔ انہوں نے گوگل کو حکومت پاکستان کے مکمل تعاون کے ساتھ ساتھ امریکہ میں اس کے سفارتی مشن کی حمایت کا یقین دلایا تاکہ باہمی تعاون کو سہل بنایا جا سکے۔
انہوں نے امریکی ٹیک مارکیٹ میں پاکستان کی برانڈنگ کو بڑھانے کے لیے گوگل کی معاونت کی درخواست کی اور دوطرفہ تعاون کو گہرا کرنے کے لیے ایک روڈ میپ پر عمل درآمد کی ضرورت پر زور دیا۔
دونوں فریقین نے پاکستان میں گوگل کے جاری اقدامات کا جائزہ لیا جن میں ٹیلنٹ ڈویلپمنٹ، ہارڈویئر اور سافٹ ویئر کی تربیت، طلبا کے لیے کوڈنگ پروگرام، پیشہ ورانہ تربیت، اور ڈیجیٹل مہارتوں کو بڑھانا ہے۔ سفیر پاکستان رضوان سعید شیخ نے گوگل کے ساتھ مل کر کام کرنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا تاکہ اس کے آئی ٹی سیکٹر کی مکمل صلاحیتوں کو اجاگر کیا جا سکے اور جدت پر مبنی ترقی کو فروغ دیا جا سکے۔