نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے غزہ اورخطے میں فوری اور غیر مشروط جنگ بندی پر زور دیاہے۔
انہوں نے یہ بات آج(اتوار کو) ریاض میں مشرق وسطی کی صورتحال پر دوسرے عرب لیگ سمٹ کے لئے وزرائے خارجہ کونسل کے ابتدائی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
انہوں نے اسرائیل کے جنگی جرائم اور فلسطینیوں پر انسانیت کے خلاف جرائم کی مذمت کرتے ہوئے اس کا محاسبہ کرنے کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ گھروں' سکولوں' ہسپتالوں اور پنا ہ گاہوں سمیت شہری عمارتوں کو دانستہ طور پر نشانہ بنایا گیا اورانہیں منہدم کر دیاگیا۔
انہوں نے کہا کہ فلسطینی پناہ گزینوں کے لئے اقوام متحدہ کے امدادی اور تعمیری ادارے کے کمشنر جنرل نے غزہ کو امدادی کارکنوں کے لئے دنیا کاخطرناک ترین علاقہ قرار دیا۔ انہوں نے فلسطینیوں کو امداد کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔