Friday, 28 August 2026, 04:23:37 pm
 
وزیراعظم کی ایف بی آر اصلاحات مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت
August 28, 2026

وزیراعظم محمد شہباز شریف کے زیر صدارت ایف بی آر کی اصلاحات پر جائزہ اجلاس آج اسلام آباد میں ہوا۔

اجلاس میں ایف بی آر میں جاری اصلاحات، بالخصوص پی آر اے ایل کی تنظیمِ نو، ٹیکس نظام کی ڈیجیٹلائزیشن اور اسمگلنگ کے تدارک کے لیے کیے گئے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ پرال میں ٹیکنالوجی، ڈیٹا سیکیورٹی، آپریشنز اور ٹیکس ڈومین سمیت مختلف شعبوں میں نئی سینئر قیادت کی تعیناتیاں کی گئی ہیں۔ IRIS 3.0 کے تحت ٹیکس نظام کو مزید مؤثر بنانے، آٹو ٹیکس کا تصور پیش کرنے اور مستقبل میں مصنوعی ذہانت و مشین لرننگ کو ٹیکس وصولی بہتر بنانے کے لیے استعمال کرنے کے منصوبے پر کام تیزی سے جاری ہے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ گزشتہ سال جولائی میں ڈیجیٹل انوائسنگ کے ذریعے دو سو چھتیس ارب روپے کی ٹرانزیکشنز ہوئیں جبکہ گزشتہ ماہ ان کا حجم ڈھائی ٹریلین روپے کی سطح کو عبور کر گیا اور رواں سال دسمبر تک ڈیجیٹل انوائسنگ کے ذریعے چار ٹریلین روپے کی ٹرانزیکشنز کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

اسمگلنگ کے تدارک کے حوالے سے اجلاس کو بتایا گیا کہ پٹرولیم مصنوعات کی غیر قانونی نقل و حمل کی روک تھام کے لیے تمام قانونی پٹرول پمپس کی GIS ٹیگنگ، GPS کے ذریعے پٹرولیم مصنوعات کی ٹریکنگ، آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے ERP نظام کو ٹریکر سے منسلک کرنے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لیے مرکزی ٹریکنگ ایپ سمیت متعدد اقدامات مکمل کیے جا چکے ہیں۔ راہِ گزر ایپ کے ذریعے اڑھائی ہزار غیر قانونی پٹرول پمپس کو بند کرا کے ان کے خلاف قانونی کارروائی کی گئی ہے۔ پٹرولیم مصنوعات کی فروخت کی ڈیجیٹل نگرانی اور دیگر اقدامات پر بھی کام جاری ہے۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ایف بی آر اصلاحات کے تمام اقدامات مقررہ مدت کے اندر مکمل کیے جائیں اور اصلاحاتی عمل کی شفافیت، مؤثریت اور پائیداری کے لیے تھرڈ پارٹی آڈٹ یقینی بنایا جائے۔ وزیراعظم نے ٹیکس نظام کو جدید اور مؤثر بنانے، ریونیو وصولی میں اضافہ اور اسمگلنگ کے خاتمے کے لیے اصلاحات پر عملدرآمد مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔