Friday, 28 August 2026, 04:25:30 pm
 
قومی اسمبلی کا پمز آتشزدگی کے واقعے پر اظہارِ افسوس، قرارداد منظور
August 28, 2026

قومی اسمبلی میں آج ایک قرارداد منظور کی گئی جس میں پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز اسلام آباد میں حالیہ آتشزدگی کے واقعے میں معصوم نومولود بچوں کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا۔

قرارداد اطلاعات و نشریات کے پارلیمانی سیکرٹری بیرسٹر دانیال چودھری نے پیش کی جس میں سنگین غفلت کے باعث قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا۔

قرارداد میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ واقعے میں حفاظتی اقدامات میں کوتاہی یا غفلت کے ذمہ دار افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔

قرارداد میں حکومت پر زور دیا گیا کہ مستقبل میں ایسے افسوسناک واقعات کی روک تھام کے لیے وفاقی حکومت کے ہسپتالوں، خصوصاً نومولود اور دوسرے بچوں کے وارڈز میں آگ سے بچاؤ اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے اقدامات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔

وزیر دفاع خواجہ آصف نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پمز آتشزدگی کے سانحے میں غفلت کے ذمہ داروں کا احتساب ہونا چاہیے۔

بعد میں وزیر قانون نے ایک تحریک پیش کی جس کے تحت سپیکر کو چیئرمین سینیٹ سے مشاورت کے بعد ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دینے کا اختیار دیا گیا جو پمز آتشزدگی کے واقعے کی تحقیقات کے علاوہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے سفارشات بھی مرتب کرے گی۔