Saturday, 27 July 2024, 12:36:23 pm
مریم نوازپنجاب کی پہلی خاتون وزیراعلیٰ منتخب
February 26, 2024

پاکستان مسلم لیگ نون کی امیدوار مریم نواز پنجاب کی پہلی خاتون وزیراعلیٰ منتخب ہو گئی ہیں۔

صوبائی اسمبلی کے آج لاہور میں ہونے والے اجلاس میں انہوں نے دو سو بیس ووٹ حاصل کئے۔

سپیکر ملک محمد احمد خان نے ووٹنگ کے نتیجے کا اعلان کیا۔

سُنی اتحاد کونسل نے رانا آفتاب احمد خان کو اپنے امیدوار کی حیثیت سے پیش کیا۔ تاہم کونسل نے پورے انتخابی عمل کا بائیکاٹ کیا۔

نئی منتخب وزیر اعلیٰ نے انتخاب کے بعد ایوان میں خطاب کرتے ہوئے عام لوگوں کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے متعدد اقدامات کا اعلان کیا۔

مریم نواز نے کہا کہ وہ پارٹی وابستگی کا لحاظ کئے بغیر پورے صوبے کی وزیر اعلیٰ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میرے چیمبر کے دروازے حزب اختلاف کے ارکان کیلئے بھی ہمیشہ کھلے رہیں گے۔

مریم نواز نے اِس تاریخی دن پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا۔ انہوں نے ان پر اعتماد کا اظہار کرنے پر نواز شریف اور شہباز شریف سمیت پارٹی کی قیادت اور اتحادی جماعتوں کا شکریہ ادا کیا۔

نومنتخب وزیراعلیٰ نے کہا کہ اِن کے دل میں کسی بھی سیاسی مخالف کے خلاف بدلے کے جذبات نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ پنجاب کو ایک کامیاب کاروباری مرکز دیکھنا چاہتی ہیں۔