پنجاب کی نئی منتخب پہلی خاتون وزیراعلی مریم نواز نے آج گورنر ہائوس لاہور میں اپنے عہدے کا حلف اٹھایا۔
گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے ان سے حلف لیا۔
اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ نواز کے قائد محمد نوازشریف پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر محمدشہباز شریف ارکان پنجاب اسمبلی پارٹی رہنمائوں اور کارکنوں کی بڑی تعداد کے ہمراہ موجود تھے۔
اس سے قبل آج لاہور میں منعقد ہونے والے صوبائی اسمبلی کے اجلاس کے دوران پاکستان مسلم لیگ نون کی امیدوار مریم نواز پنجاب کی پہلی خاتون وزیراعلیٰ منتخب ہو گئی ہیں۔انہوں نے دو سو بیس ووٹ حاصل کئے۔سپیکر ملک محمد احمد خان نے ووٹنگ کے نتیجے کا اعلان کیا۔سُنی اتحاد کونسل نے رانا آفتاب احمد خان کو اپنے امیدوار کی حیثیت سے پیش کیا۔ تاہم کونسل نے پورے انتخابی عمل کا بائیکاٹ کیا۔
مریم نواز نے اپنے انتخاب کے بعد ایوان میں خطاب کرتے ہوئے عام لوگوں کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے متعدد اقدامات کا اعلان کیا۔مریم نواز نے کہا کہ وہ پارٹی وابستگی سے قطع نظر پورے صوبے کی وزیر اعلیٰ ہیں۔انہوں نے کہا کہ میرے چیمبر کے دروازے حزب اختلاف کے ارکان کیلئے بھی ہمیشہ کھلے رہیں گے۔انہوں نے ان پر اعتماد کا اظہار کرنے پر نواز شریف اور شہباز شریف سمیت پارٹی کی قیادت اور اتحادی جماعتوں کا شکریہ ادا کیا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ اِن کے دل میں کسی بھی سیاسی حریف کے خلاف بدلے کے جذبات نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ پنجاب کو ایک کامیاب کاروباری مرکز دیکھنا چاہتی ہیں۔