Friday, 18 October 2024, 08:17:53 am
 
ضم شدہ اضلاع کی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے، وزیراعظم
July 25, 2024

وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا خصوصاً ضم شدہ اضلاع کی ترقی ان کی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

وہ آج(جمعرات) کو اسلام آباد میں خیبرپختونخوا سے تعلق رکھنے والے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے ارکان کے ایک وفد سے گفتگو کر رہے تھے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے اور تاریخ گواہ ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ ضم شدہ اضلاع کی ترقی کے لئے ترجیحی بنیاد پر اقدامات کئے۔

انہوں نے کہا کہ ضم شدہ اضلاع میں صحت اور تعلیم کی معیاری سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔

شہبازشریف نے کہا کہ خیبرپختونخوا بالخصوص ضم شدہ اضلاع میں دانش سکول قائم کئے جائیں گے تاکہ غریبوں اور متوسط طبقے کو تعلیم کی عالمی معیار کی سہولتیں فراہم کی جاسکیں۔

وزیراعظم نے توانائی کے شعبے میں اصلاحات سے متعلق کہا کہ حکومت سالانہ اربوں روپے مالیت کی بجلی چوری کی روک تھام کے لئے انتھک کوششیں کر رہی ہے۔

انہوں نے منتخب نمائندوں پر زور دیا کہ وہ بجلی چوری کے خاتمے میں حکومت سے تعاون کریں۔

انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں زرعی ٹیوب ویلز کو شمسی توانائی پر منتقل کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹیوب ویلز کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے سے زرعی شعبے کو ترقی دینے میں مدد ملے گی۔