صدر آصف علی زرداری اور وزیرِ اعظم شہباز شریف نے پولیو کے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف مہم جاری رکھنے کا عزم ظاہرکیا ہے۔
آج منائے جانے والے پولیو کے عالمی دن کے موقع پر اپنے الگ الگ پیغامات میں انہوں نے پاکستانی عوام پر زور دیا کہ وہ پولیو سے پاک پاکستان کیلئے کوششیں جاری رکھیں۔
انہوں نے تمام والدین اور بچوں کی دیکھ بھال کرنے والوں پر زور دیا کہ وہ پولیو مہم کے دوران پانچ سال سے کم عمر ہر بچے کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کو یقینی بنائیں۔
صدر نے پولیو کے خاتمے کی جانب پاکستان کی نمایاں پیشرفت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں پولیو کے کیسز کی تعداد میں ننانوے اعشاریہ آٹھ فیصد کمی آئی ہے۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ رواں سال اس دن کا موضوع ہے، ’’ایک دن، ایک مقصد: پولیو کا خاتمہ‘‘ جو اس مرض کے سدباب کیلئے اجتماعی عزم اور مشترکہ کوششوں کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔