Friday, 23 October 2026, 03:36:21 am
 
وزیراعظم کا خیبر پختونخوا میں ترقیاتی منصوبوں کے لیے 160 ارب روپے فراہم کرنے کا اعلان
October 22, 2026

وزیراعظم شہباز شریف نے خیبر پختونخوا میں ترقیاتی منصوبوں کے لیے وفاقی حکومت کی جانب سے ایک سو ساٹھ ارب روپے فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

انہوں نے اس بات کا اعلان آج پشاور میں چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے ہمراہ خیبر پختونخوا کے قبائلی اضلاع کے نمائندوں پر مشتمل ترقیاتی کونسل کے ارکان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت گندم کی کسی بھی ممکنہ قلت پر قابو پانے کے لیے صوبے کی ضروریات کے مطابق گندم کی فراہمی بھی یقینی بنائے گی۔ انہوں نے ذخیرہ اندوزی کے خلاف خبردار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ عوام کو گندم وفاقی حکومت کے نرخوں پر فراہم کی جائے۔

شہباز شریف نے کہا کہ وفاقی حکومت صوبے میں پولیس کو مضبوط بنانے، انسدادِ دہشت گردی کی استعدادِ کار میں اضافے، پولیس کی تربیت کو بہتر بنانے اور سیف سٹی منصوبے مکمل کرنے کے لیے ہر ممکن تعاون اور وسائل فراہم کرے گی۔

وزیراعظم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قبائلی برادریوں کی قربانیوں کو بھی سراہا۔