کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے ایک ہزار بستروں پر مشتمل جناح میڈیکل کمپلیکس اینڈ ریسرچ سنٹر اسلام آباد کے لئے ابتدائی سرمائے کے طور پر پچیس کروڑ روپے مختص کرنے کی منظوری دی۔
آج اسلام آباد میں وزیرخزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت کمیٹی کے اجلاس میں وزارت اطلاعات و نشریات کیلئے دو ارب روپے کی ضمنی تکنیکی گرانٹ کی بھی منظوری دی گئی جو میڈیا ہائوسز کی اشتہارات کی مد میں واجبات کی ادائیگیوں کیلئے استعمال ہو گی۔
اقتصادی رابطہ کمیٹی نے رواں مالی سال کے دوران پنجاب میں پائیدار ترقیاتی اہداف کے پروگرام کی اسکیموں پر عملدرآمد کی غرض سے 43کروڑ روپے کی تکنیکی گرانٹ کیلئے وزارت دفاع کی ایک تجویز کی بھی منظوری دی۔