Wednesday, 02 April 2025, 07:48:44 pm
 
وزیراعظم نےمختلف شعبوں میں متحدہ عرب امارات کی مسلسل حمایت کوسراہا
April 01, 2025

وزیراعظم شہبازشریف نے عید الفطر کے موقع پر متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان سے خوشگوار اور دوستانہ ٹیلی فونک گفتگو کی ہے۔

گفتگو کے دوران وزیراعظم نے متحدہ عرب امارات کے صدر اور برادرعوام کو عید کی مبارکباد دی اور ان کی مسلسل خوشحالی، امن اور ترقی کیلئے دعا کی۔

شہباز شریف نے گزشتہ ماہ ابوظہبی میں متحدہ عرب امارات کے صدر کے ساتھ اپنی حالیہ ملاقات کا بھی ذکر کیا اور پاکستان اور متحدہ امارات کے درمیان موجودہ تعلقات کو باہمی مفید اقتصادی شراکت داری میں بدلنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

انہوں نے پاکستان کیلئے متحدہ عرب امارات کی دیرینہ اور مستقل حمایت کی تعریف کی۔

متحدہ عرب امارات کے صدر نے وزیراعظم کو عید کی مبارکباد دی اور پاکستانی عوام کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

انہوں نے پاکستان کے اقتصادی ترقیاتی اقدامات کیلئے متحدہ عرب امارات کی غیرمتزلزل حمایت کا اعادہ کیا اور مختلف شعبوں میں مسلسل تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔