Saturday, 25 July 2026, 02:14:17 am
 
بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیرمیں آن لائن اظہار رائے پر کنٹرول مزید سخت کر دیا
July 20, 2026

بھارتی حکومت نے اظہارِ رائے کی آزادی سلب کرنے اور متنازعہ علاقے میں نگرانی کا دائرہ کار وسیع کرنے کی ایک نئی کوشش کے طور پر بھارت کے غیرقانونی زیرِ قبضہ جموں و کشمیر میں سائبر کرائم کوآرڈینیشن سینٹر قائم کیا ہے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق یہ مرکز ڈائریکٹر جنرل آف پولیس کی براہِ راست نگرانی میں رکھا گیا ہے اور یہ انڈین سائبر کرائم کوآرڈینیشن سینٹر کے ساتھ مل کر کام کرے گا۔

سیاسی مبصرین اور انسانی حقوق کے کارکنوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اس اقدام کا مقصد سائبر کرائم کی روک تھام سے زیادہ مقبوضہ علاقے میں بھارت کے نگرانی کے نظام کو وسعت دینا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ بی جے پی حکومت صحافیوں، انسانی حقوق کے کارکنوں، سیاسی کارکنوں اور عام کشمیریوں کی آواز دبانے کے لیے ڈیجیٹل نگرانی، انٹرنیٹ پر پابندیوں، سوشل میڈیا کی کڑی نگرانی اور سائبر قوانین کا سہارا لے رہی ہے، جو بھارتی قبضے کے خلاف آواز اٹھاتے ہیں اور اختلافِ رائے کا اظہار کرتے ہیں۔

سیاسی مبصرین نے خبردار کیا ہے کہ یہ نیا ادارہ سائبر سکیورٹی کی آڑ میں اظہارِ رائے کی آزادی پر پابندیوں کو مزید ادارہ جاتی شکل دے سکتا ہے۔