Wednesday, 08 May 2024, 07:27:03 pm
پاکستان نےیاتریوں کوخالصتان کےمعاملےپر اکسانےکےبھارتی الزامات یکسرمستردکردیئے
April 17, 2018

  دفترخارجہ نے ان بھارتی الزامات کو یکسر مسترد کردیا ہے کہ پاکستان بھارتی یاتریوں کو خالصتان کے معاملے پر اکسانے کی کوششیں کررہا ہے۔ منگل کے روز ایک بیان میں دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے کہاکہ بھارت اس قسم کے بے بنیاد الزامات کے ذریعے جان بوجھ کر سکھ یاتریوں کے دورے کے حوالے سے نیا تنازع پیدا کررہا ہے جو اس وقت بیساکھی اور خالصہ جنم دن کی تقریبات میں شرکت کے لئے پاکستان میں ہیں۔ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ سکھ یاتری بھارت میں ایک متنازعہ فلم دکھانے پر بھارت کی حکومت کے خلاف احتجاج کررہے ہیں جس میں ان کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچائی گئی ہے۔ یہ مظاہرے سکھ یاتریوں کے پاکستان پہنچنے سے پہلے ہی بھارت اور دنیا کے دیگر حصوں میں شروع ہوچکے تھے۔ ترجمان نے کہا کہ بھارت کی جانب سے حقائق کو مسخ کرکے بیان کرنا غیراخلاقی اور افسوسناک ہے۔ترجمان نے کہا کہ یہ بات افسوسناک ہے کہ بھارت جس کے اعلیٰ حکام کے پاکستان کی علاقائی سالمیت اور خودمختاری کے خلاف بیانات ریکارڈ پر ہیں، حقائق کو غلط رنگ دے کر کھلی دھوکہ دہی میں ملوث ہے۔ترجمان نے کہا کہ پاکستان بھارت سمیت دنیا بھر سے ہندو اور سکھ یاتریوں کا خیر مقدم کرتا ہے۔ سکھ برادری کے ارکان پاکستان میں اپنے مقدس مقامات کے دورے کے دوران سہولتوں اور تعاون کو سراہتے ہیں۔ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ پاکستان تعاون جاری رکھنے کیلئے ہمیشہ سے پرعزم ہے جو ہماری مذہبی اقدار، مہمانوازی کی روایات اور مذہبی مقامات کے دوروں کے 1974ء کے معاہدے کی شقوں کے مطابق ہے۔انہوں نے کہا کہ کوئی بھی بھارتی پراپیگنڈہ صحیح کو غلط ثابت کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکتا۔ ترجمان نے کہا کہ بھارت کو بین الاقوامی اور قومی اقدار، تمام مذاہب خصوصاً اقلیتوں کا احترام کرنا چاہئے اور ایسی بلا جواز اشتعال انگیزی سے گریز کرنا چاہئے جو پہلے سے کشیدہ صورتحال کو مزید خراب کرے جو ہم سب کیلئے نقصان دہ ہے۔

Error
Whoops, looks like something went wrong.