Friday, 15 November 2024, 02:50:29 am
 
پاکستان کا بھارت کی جانب سے دہشت گرد گروپوں کی حمایت پر تشویش کا اظہار
November 14, 2024

پاکستان نے بھارت کی جانب سے دہشت گردوں کے گروپوں کی حمایت کرنے پر تشویش ظاہر کی ہے۔

دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے آج اسلام آباد میں اپنی ہفتہ وار نیوز بریفنگ کے دوران بتایا یہ سچ ہے کہ دہشت گردوں کے گروپوں کو بھارت سے امداد فراہم کی جاتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے چند سال قبل بھارتی بحریہ کے ایک افسر کو گرفتار کیا تھا جو بلوچستان میں جاسوسی اور دہشت گردی کی کارروائیوں کی پشت پناہی کر رہا تھا۔

ترجمان نے افغان احکام پر بھی زور دیا کہ وہ دہشت گرد گروپوں کے خلاف کارروائی کریں اور پاکستان یا کسی دوسرے ہمسایہ ملک کے خلاف اپنی سرزمین استعمال کرنے کی اجازت نہ دے۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان کو پاکستان کی جانب سے بارہا کی جانب والی درخواستوں پر سنجیدگی سے غور کرنا چاہئے اور اُسے چاہئے کہ وہ پاکستانی عوام کے صبر و تحمل کا امتحان نہ لے۔

ایک سوال کے جواب میں ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ پاکستان ملک میں کام کرنے والے چینی باشندوں، منصوبوں اور اداروں کے تحفظ اور سلامتی کیلئے چین کے ساتھ ملکر کام کرتا رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان انسدادِ دہشت گردی اور چینی باشندوں کے تحفظ سمیت مختلف شعبوں پر جامع مذاکرات اور تعاون ہوا ہے۔

امریکہ کے ساتھ تعلقات سے متعلق ایک سوال پر ترجمان نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان دیرینہ خوشگوار اور دوستانہ تعلقات قائم ہیں۔