Thursday, 14 November 2024, 08:59:40 pm
 
جاپان نے فلڈ مینجمنٹ پراجیکٹ کے لیے گرانٹ کی منظوری دے دی
November 13, 2024

جاپان کی حکومت نے پاکستان میں سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے انتظام کے منصوبے کیلئے ایک کروڑ پچاسی لاکھ ڈالر کی گرانٹ کی منظوری دی ہے۔

اِس حوالے سے جاپان اور پاکستان کی حکومتوں کے درمیان دستخط کی تقریب آج اسلام آباد میں ہوئی۔

منصوبے کا مقصد سیلاب کی درست پیشگوئی اور اِس سے نمٹنے کی کارروائیوں کو بہتر بنانا اور جامع بنیادی معلومات کی فراہمی ہے جو سیلاب اور بنیادی ڈھانچے سمیت جانی اور معاشی نقصان کے خطرے کو کم کرنے میں کردار ادا کرے۔

سندھ طاس میں سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے انتظام کے فروغ کے منصوبے کو جاپان انٹرنیشنل کو آپریشن ایجنسی کے ذریعے پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔

اِس منصوبے کے تحت آب رسانی کے مشاہدے کا نظام قائم کیا جائے گا اور دریائے سندھ اور اُس کے معاون دریائوں میں 2022 کے سیلاب کے باعث تباہ ہونے والے آبی ڈھانچے کو بحال کیا جائے گا۔

منصوبہ فلڈ مینجمنٹ اداروں کی استعدادِ کار بہتر بنانے اور مستقبل میں سیلاب کے خطرات کم کرنے میں بھی کردار ادا کرے گا۔

وزارت ِ اقتصادی اُمور کے سیکرٹری ڈاکٹر کاظم نیاز اور پاکستان میں جاپان کے سفیر WADA MITSUHIRO نے اپنی متعلقہ حکومتوں کی جانب سے دستاویز پر دستخط کئے۔