Thursday, 26 December 2024, 04:38:24 pm
 
شمالی وزیرستان دو کارروائیوں میں چار خوارج ہلاک
November 10, 2024

آج (اتوار کو)شمالی وزیرستان میں دو الگ الگ کارروائیوں میں چار خوارج کو ہلاک کیا گیا۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے سپن وام میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائی کی۔

کارروائی کے دوران جوانوں نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا اور فائرنگ کے تبادلے میں دو خوارج ہلاک ہو گئے۔

ایک اور کارروائی میں شمالی وزیرستان کے علاقے سپن وام میں جہاں خوارج کا ایک گروپ پاک افغان سرحد سے دراندازی کی کوشش کر رہا تھا، کو سیکیورٹی فورسز نے نشانہ بنایا۔

سیکیورٹی فورسز نے ان کی دراندازی کی کوشش ناکام بنائی جس کے نتیجے میں دو خوارج ہلاک جبکہ دو زخمی ہو گئے۔

پاکستان کی سیکیورٹی فورسز سرحدوں کے تحفظ اور ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پُرعزم ہیں۔

ادھر آصف علی زرداری اوروزیراعظم محمد شہبازشریف نے شمالی وزیرستان میں خوارج کے خلاف کامیاب آپریشن پر سیکورٹی فورسز کو سراہاہے۔

صدر نے آپریشن میں چار خوارج کو ہلاک کرنے پر سیکورٹی فورسز کی بہادری کی تعریف کی۔

انہوں نے سیکورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے قومی عزم کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم نے بھی ایک بیان میں ملک کو دہشت گردی سے نجات دلانے کے لئے جنگ پر سیکورٹی فورسز کے افسروں اور جوانوں کی تعریف کی۔

انہوں نے کہا کہ ہم ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔