Monday, 25 November 2024, 02:44:07 pm
 
وقت کاتقاضا ہے کہ علامہ اقبال کے پیغام کوعام کیاجائے:صدر،وزیراعظم
November 09, 2019

صدرعارف علوی اوروزیراعظم عمران خان نے کہاہے کہ وقت کاتقاضا ہے کہ معاشرے کے انحطاط کاسبب بننے والی برائیوں اورملک کی ترقی اورخوشحالی کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لئے علامہ محمداقبال کے پیغام کوعام کیاجائے۔عظیم فلسفی اورمفکرعلامہ ڈاکٹرمحمداقبال کے142ویں یوم پیدائش پراپنے الگ الگ پیغامات میں انہوں نے کہاکہ یہ قوم کے لئے اس عزم کی تجدیدکابہترین موقع ہے کہ وہ ان کے آگہی اور خودی کے پیغام سے رجوع اوراس پرعمل کرے۔انہوں نے کہاکہ مسلمانان برصغیر عظیم مفکرکی گرانقدرخدمات پر ہمیشہ ان کے مقروض رہیںگے۔انہوں نے کہاکہ علامہ اقبال نے برصغیرکے مسلمانوں میں نئی روح پھونکتے ہوئے ان کی سوچ کو تبدیل کیا اورانہیں اپنی عظمت رفتہ کی بحالی کے لئے ایک مضبوط فکری بنیاد فراہم کی۔عظیم رہنمانے برصغیرکے مسلمانوں کے لئے ایک الگ وطن کاخواب بھی دیکھا اوراسلام کا حقیقی پیغام سمجھانے کے لئے ان کی خدمات غیرمعمولی اورناقابل فراموش ہیں۔صدر اوروزیراعظم نے قوم پرزوردیاکہ وہ آج کے دن یہ عہد کرے کہ تحریک پاکستان کے مشاہیر کے خواب کی تکمیل کے لئے انتھک محنت کرے گی اورمعاشرے اوروطن کی فلاح وبہبود کے لئے علامہ اقبال کی تعلیمات وافکارپرعمل کرے گی۔(این این آر، وہاج بشیر)