Wednesday, 16 October 2024, 08:59:23 am
 
وزیراطلاعات کی پی ٹی آئی کی جانب سے غیرشائستہ زبان کے استعمال کی مذمت
September 09, 2024

وزیراطلاعات ونشریات عطااللہ تارڑ نے پی ٹی آئی کے رہنماؤں کی جانب سے ریاستی اداروں اور حکومت پنجاب کے خلاف غیر شائستہ زبان استعمال کرنے کی پرزور مذمت کی ہے۔

وہ آج اسلام آباد میں ریاستوں اور سرحدی علاقوں کے وزیر انجینئر امیر مقام کے ساتھ ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔

وزیراطلاعات نے کہاکہ لوگوں نے پی ٹی آئی کو مسترد کردیا ہے اور وہ پارٹی اب دوسروں پر کیچڑ اچھال رہی ہے انہوں نے کہاکہ خیبرپختونخوا کی پوری صوبائی مشینری استعمال کرنے کے باوجود اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے عوامی اجتماع کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی جانب سے مسترد ہونے کے بعد اب پی ٹی آئی حکومت پنجاب کے خلاف بوکھلاہٹ کا مظاہرہ کررہی ہے۔

عطااللہ تارڑ نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے وزیراعلی کیلئے بہتر یہ ہوگا کہ وہ دہشتگردوں کو روکیں اور عسکریت پسندوں کو شکست دینے کیلئے وفاقی حکومت اور مسلح افواج کا ساتھ دیں۔

وزیراطلاعات نے کہا کہ خیبرپختونخوا کی حکومت صوبے میں کوئی بڑا ترقیاتی منصوبہ شروع نہیں کرسکی اور وہ صرف کمیشن مافیا کو تحفظ دے رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی ائی کی صفوں میں پھوٹ پڑنے سے پارٹی تباہ ہوگئی ہے اور اب اسکی قیادت پر سے لوگوں کا اعتماد اٹھ گیا ہے۔

عطااللہ تارڑ نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ کو دوسروں کے خلاف نفرت انگیز زبان استعمال کرنے کی بجائے صوبے کے مسائل پر توجہ دینی چاہیے۔