Wednesday, 05 February 2025, 11:51:04 pm
 
حریت کانفرنس کا اظہار یکجہتی پر پاکستان کی حکومت اور عوام سے اظہار تشکر
February 05, 2025

کل جماعتی حریت کانفرنس کی قیادت نے حق خودارادیت کے حصول کی جدوجہد میں مقبوضہ جموںوکشمیر کے عوام سے غیر متزلزل اظہار یکجہتی کرنے پر پاکستان کی حکومت اور عوام کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا ہے۔

سینئر حریت رہنما  شبیر احمد شاہ نے نئی دلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل سے ایک پیغام میں کہا کہ ہرسال پانچ فرور ی کو یوم یکجہتی کشمیر منانا پاکستان کی مستقل پالیسی، غیر متزلزل عزم اور کشمیر کاز سے پختہ وفاداری کا واضح ثبوت ہے۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے ایک اور سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق نے سرینگر میں ایک بیان میں کہاہے کہ کشمیری عوام اپنی خواہشات کے مطابق اقوام متحدہ کے تسلیم شدہ دیرینہ تنازعہ کشمیر کے منصفانہ اور پرامن حل کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے۔

انہوں نے مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرنے کے لیے بامعنی مذاکرات کی ضرورت پر زور دیا۔

ادھرسرینگر اور وادی کشمیر کے دیگر علاقوں میں ایک بار پھر پاکستان کے سبز ہلالی پرچم اور ''شکریہ پاکستان ''کے نعروں والے پوسٹر چسپاں کیے گئے ہیں۔