Wednesday, 16 October 2024, 10:21:18 am
 
پاک امریکہ تعلقات کی مضبوطی کیلئے ہر شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد اپنا کردار ادا کریں،رضوان سعید شیخ
October 02, 2024

امریکہ میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے کہا ہے کہ وطنِ عزیز کی تعمیر و ترقی کے حوالے سے کمیونٹی کی مثبت سرگرمیوں کے لئے پاکستانی سفارتخانے کے دروازے کھلے ہیں اور سفارتخانے کا مکمل انفراسٹرکچر اور افرادی قوت کمیونٹی کے لئے حاضر ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سفارتخانہ واشنگٹن میں منعقدہ اوورسیز پاکستانی فانڈیشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والی پاکستانی کمیونٹی کو سفارتخانے میں تقریبات منعقد کرنے کے حوالے سے سہولت دی گئی جس کے مثبت نتائج برآمد ہوئے۔ اس سلسلے کو مزید بڑھاتے رہیں گے۔

سفیر پاکستان نے کہا کہ پاکستان ہمارا تشخص اور ہماری اصل پہچان ہے ہم میں سے کوئی بھی آج یہاں نہ ہوتا اگر پاکستان نہ ہوتا۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ میں سکونت اختیار کرنے والا ہر شخص ہمیشہ پاکستانی امریکن کے طور پر جانا جائے گا لہذا ہم سب کا فرض ہے کہ مادرِ وطن کی تعمیر و ترقی کے لئے تمام تر وابستگیوں اور ترجیحات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے مل کر کام کریں۔

انہوں نے کہا امریکہ پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے۔ پاک امریکہ تعلقات کی مضبوطی اور خصوصا معاشی تعلقات کی مضبوطی سے امریکہ میں مقیم پاکستانی براہ راست استفادہ کریں گے۔

سفیر پاکستان نے پاکستانی کمیونٹی پر زور دیا کہ پاک امریکہ تعلقات کی مضبوطی کے حوالے سے ہر شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد اپنا بھرپور کردار ادا کریں ۔

امریکہ کے سیاسی افق پر پاکستانی کمیونٹی کے بڑھتے ہوئے کردار کو سراہتے ہوئے سفیر پاکستان نے کہا کہ امریکہ کے سیاسی عمل میں بھرپور شمولیت سے پاک امریکہ تعلقات کو مزید تقویت ملے گی۔

قبل ازاں چئیرمین بورڈ آف گورنرز اوورسیز پاکستانیز فانڈیشن سید قمر رضا نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تارکین وطن کے لئے او ورسیز فانڈیشن کی خدمات اور مستقبل کی کاوشوں پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں پاکستان کی تعمیر و ترقی کے لئے سیاسی، لسانی و دیگر وابستگیوں کو بالائے طاق رکھتے ہوئے متحد ہ ہونا ہوگا۔

تقریب سے کمیونٹی کے سرکردہ رہنمائوں جواد شیرازی، اسد چوہدری، عائشہ خان اور مظہر چغتائی نے بھی خطاب کیا۔