صدرڈاکٹرعارف علوی اوروزیراعظم عمران خان نے آج (بدھ) محنت کشوں کے دن کے موقع پر کارکنوں کے حقوق کو تحفظ دینے سے متعلق حکومت کے عزم کااعادہ کیاہے تاکہ انہیں عالمگیریت کے ابھرتے ہوئے چیلنجوں سے نمٹنے میں مدد فراہم کی جاسکے۔صدرنے اپنے پیغام میں کہاکہ حکومت محنت کشوں کی سماجی اقتصادی صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے ہرممکن کوشش کرے گی۔ڈاکٹرعارف علوی نے کہاکہ یہ دن ہمیں نہ صرف مزدوروں کی جدوجہدکی یاددلاتاہے بلکہ قومی ترقی کیلئے ان کی خدمات کااعتراف بھی ہے۔وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہاکہ یہ دن دنیابھر کے تمام ملکوں کی ترقی میں محنت کشوں کی قابل قدرخدمات کے اعتراف کا ایک موقع بھی فراہم کرتاہے۔انہوں نے کہاکہ جامع اقتصادی ترقی کے ثمرات اس وقت تک حاصل نہیں کئے جاسکتے جب تک محنت کشوں کو تحفظ ا ورترقی کے مواقع فراہم نہیں کئے جاتے۔وزیراعظم نے کہاکہ ترقی وخوشحالی کے سفرمیں کارکن ہمارے شراکت دارہیں۔وزیراعظم نے کہاکہ حکومت محنت کشوں کومستحکم کرنے کی کوشش کررہی ہے اور ہائوسنگ چھوٹے پیمانے پرکاروبار،صحت ،تعلیم، سرسبزمعیشت اورسیاحت جیسے اہم شعبوں میں پانچ سال میں ایک کروڑملازمتیں پیداکرنے کے منصوبے پرکام کررہی ہے۔عمران خان نے اپنے پیغام میں محنت کشوں کومبارکباد دی اور نیا پاکستان کے حصول میں انہیں حکومت کاشراکت داربنانے کی پیشکش کی ۔
اطلاعات کے بارے میں معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے یوم مزدور کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت محنت کش اور پسماندہ طبقے کی فلاح و بہبود اور اُن کے حقوق کے تحفظ کےلئے عملی اقدامات کررہی ہے۔
محنت کشوں کی حالت زار بہتر بنائے بغیر ملک میں ترقی ممکن نہیں ہے اور حکومت نیا پاکستان کی تعمیر میں محنت کشوں کو اہم شراکت دار سمجھتی ہے۔
معاون خصوصی نے کہا کہ مزدور کااحساس پروگرام محنت کشوں کےخصوصی تحفظ میں ایک سنگ میل ثابت ہوگا۔
انہوں نے ایسی اصلاحات متعارف کرنے کے عزم کا اعادہ کیا جس سے محنت کشوں کی تکریم میں اضافہ ہو۔
یوم مزدور کے موقع پر پنجاب کے وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار آج (بدھ) لیبر کالونی واربرٹن کا دورہ کریں گے۔
وہ محنت کشوں میں صحت انصاف کارڈ اور دوسو آٹھ فلیٹوں کے الاٹ منٹ لیٹرز تقسیم کریں گے۔
وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے کہاہے کہ محنت کش طبقہ تبدیلی لانے میں ہراول دستے کاکام کررہاہے۔
محنت کشوں کے عالمی دن کے موقع پراپنے پیغام میں انہوں نے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف محنت کشوں کی جدوجہدکوتسلیم کرتی ہے انہوں نے کہاکہ گزشتہ حکومتوں نے محنت کشوں کونظرانداز کیا مگر اب ایسا نہیں ہوگا۔
وزیرخارجہ نے کہاکہ دنیابھرمیں محنت کشوں کواپنی گزربسرکے لئے بدستورمشکل ترین حالات کاسامناہے۔
یوم مزدور کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیر قانون فروغ نسیم نے کہا کہ ملک کےلئے محنت کش طبقے کی خدمات انتہائی اہم ہیں اور ان کا کردار ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا آئین محنت کش طبقے کے حقوق کی ضمانت دیتا ہے اور آج ہم اس طبقے کی زندگیوں میں مزید بہتری لانے کے اپنے عزم کی تجدید کرتے ہیں۔
وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے محنت کشوں کے کردار کو سراہتے ہوئے کہاکہ وہ ریلوے کے محنت کشوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے گزشتہ چھ ماہ کے دوران تیس نئی ریل گاڑیاں چلانے میں ان کی مدد کی۔
وفاقی وزیر نے یقین دلایا کہ ریلوے میں محنت کشوں کے وسائل مزید بڑھائیں جائیں گے۔