پاکستان نے بھارت کے غیرقانونی زیرقبضہ جموں وکشمیر سے متعلق بھارتی وزارت خارجہ کا بیان ایک بار پھر سختی سے مسترد کردیا ہے ۔
دفترخارجہ کے ترجمان شفقت علی خان نے اسلام آباد میں صحافیوں کو ہفتہ وار بریفنگ میں کہاکہ جموں وکشمیر بین الاقوامی طورپر تسلیم شدہ متنازعہ علاقہ ہے جس کی حتمی حیثیت کا تعین اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق ہونا ہے ۔
ترجمان نے کہاکہ بھارت کولایعنی اور بے بنیاد دعوے کرنے کی بجائے جموں وکشمیر کا علاقہ خالی کرنا چاہیے جس پر اس نے گزشتہ ستتر سال سے غیرقانونی اورغاصبانہ تسلط قائم کررکھاہے ۔