قومی غذائی تحفظ و تحقیق کے وزیر رانا تنویر حسین نے متعلقہ اداروں کو کپاس کے شعبے میں اصلاحات کا عمل تیز کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ کپاس کی پیداوار کی بحالی اور کسانوں کا منافع بڑھانے میں مدد ملے۔
انہوں نے اسلام آباد میں کپاس کی بحالی کی حکمتِ عملی سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ بہتر پیداوار، معیاری بیج اور پیداواری اخراجات میں کمی کے ذریعے کپاس کی کاشت کو کسانوں کے لیے معاشی طور پر فائدہ مند بنایا جائے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ کپاس کی بحالی پاکستان کی زرعی معیشت کو مضبوط بنانے، ٹیکسٹائل کی صنعت کو مدد دینے اور درآمدی خام مال پر انحصار کم کرنے کے لیے ضروری ہے۔
رانا تنویر حسین نے تمام متعلقہ اداروں کو طے شدہ اقدامات پر عمل درآمد کو ترجیح دینے اور قابلِ عمل تجاویز اور سفارشات وزارت کو پیش کرنے کی ہدایت کی۔