Sunday, 05 May 2024, 03:59:00 am
حریت کانفرنس کی تلاشی کی کارروائیوں کے دوران کشمیریوں کو ہراساں کرنیکی سخت مذمت
April 25, 2024

کل جماعتی حریت کانفرنس نے سری نگر اور بھار ت کے غیر قانونی زیرقبضہ جموں وکشمیر کے دوسرے علاقوں میں محاصرے اورتلاشی کی کارروائیوں کے دوران کشمیریوں کوہراساں کرنے اورانھیں گرفتار کرنے کی سخت مذمت کی ہے ۔

سری نگر میں ایک بیان میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے کہاکہ تلاشی کی جاری کارروائیوں میں نوجوانوں کو تھانے بلایاجاتا ہے اور بھارتی فورسز کی طرف سے سینکڑوں افرادکو گرفتار کرکے علاقے کے لوگوں میں خوف وہراس پیدا کررکھا ہے ۔

انہوں نے کہاکہ سری نگر ، بانڈی پورہ، راجوڑی اور دوسرے ضلعوں کے مختلف علاقوں میں لوگوں کو گرفتارکرنے کا مقصد امن اورآزادی پسند کشمیریوں کو دہشت زدہ کرنا ہے۔

انہوں نے کہاکہ اے پی ایچ سی تمام حریت رہنماؤں اور علاقوں کے لوگوں کی مدد سے اپنے حقوق اور آزادی کی جدوجہد کو رائیگاں جانے نہیں دے گی۔

انہوں نے کشمیری عوام پرزوردیا کہ وہ متحد رہیں اور قابض حکومت کی تمام سازشوں کو ناکام بنائیں۔انہوں نے کہااب بھارت ایک بار پھر لوک سبھا کے انتخابات کرارہا ہے جو کشمیر کے اصل مسئلہ سے عالمی برادری کی توجہ ہٹانے کی کوشش ہے جبکہ مسئلہ کشمیر کاحل اقوام متحدہ کی قراردادوں میں مضمر ہے۔