Saturday, 18 May 2024, 12:02:15 pm
بھارتی غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیردنیا میں صحافیوں کیلئے خطرناک ترین مقامات میں شامل
May 03, 2024

بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر دنیا کے ان خطرناک ترین مقامات میں شامل ہے جہاں صحافت اور ذرائع ابلاغ سے وابستہ افراد کو سچ سامنے لانے پر قابض انتظامیہ کی طرف سے قتل، جان سے مارنے کی دھمکیوں، اغوا،ظلم و تشدد، ہراسانی،ظالمانہ قوانین کے تحت گرفتاریوں اور دیگر مظالم کا سامنا ہے۔

آج ''آزادی صحافت کے عالمی دن'' کے موقع پرکشمیرمیڈیاسروس کی طرف سے جاری کی گئی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ان تمام مظالم کی وجہ سے مقبوضہ کشمیرمیں صحافیوں کیلئے اپنے پیشہ ورانہ فرائض کی ادائیگی انتہائی مشکل ہو گئی ہے ۔ رپورٹ میں انکشاف کیاگیا ہے کہ مقبوضہ جموںوکشمیر میں انیس سو نواسی سے اب تک اپنے پیشہ ورانہ فرائض کی انجام دہی کے دوران بیس صحافیوں کو قتل کیاگیا۔

پیرس میں قائم صحافیوں کے حقوق کے تحفظ کی تنظیم رپورٹرز ودآئوٹ بارڈرزکی طرف سے جاری کردہ رواں سال کے یوم آزادی صحافت کے انڈیکس میں کہا گیا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال بدستور انتہائی تشویشناک ہے، جہاں بھارتی پولیس اورفوجی اہلکاروں کی جانب سے اکثر صحافیوں کوہراساں کیا جاتا ہے۔

ادھرمقبوضہ کشمیر میں قابض حکام نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق کوتاریخی جامع مسجد سرینگر میں نماز جمعہ کی ادائیگی سے روکنے کیلئے آج انہیں دوبارہ گھر میں نظر بند کر دیا۔

دریں اثنا کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں ایک بیان میں پاکستان کے بری فوج کے سربراہ جنرل سیدعاصم منیر کے کشمیر کے بارے میں حالیہ بیان کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے کشمیریوں کیلئے حوصلہ افزا قراردیاہے۔ انہوں نے کہاکہ آرمی چیف کا بیان کشمیریوں کیلئے ایک یاددہانی ہے کہ وہ اپنے حق خودارادیت کے حصول کی جدوجہد میں تنہا نہیں ہیں ۔