Tuesday, 14 January 2025, 06:59:26 am
 
خیبرپختونخوا کابینہ کا کرم میں امن وامان کیلئے خصوصی فورس تشکیل دینے کا فیصلہ
December 23, 2024

خیبرپختونخوا کابینہ نے کرم میں امن وامان کی صورتحال برقرار رکھنے کیلئے خصوصی فورس تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

یہ فیصلہ آج(پیر کو) پشاور میں وزیراعلی علی امین گنڈاپور کی زیر صدارت خیبرپختونخوا کابینہ کے اجلاس میں کیا گیا۔

معاشرے میں نفرت پھیلانے والے سوشل میڈیا اکاؤنٹس بند کرنے کیلئے بھی وفاقی تحقیقاتی ادارے کا خصوصی سیل قائم کیا جائیگا۔

اجلاس کو بتایا گیا اب تک کرم میں دس ٹن ادویات تقسیم کی جاچکی ہیں اس کے علاوہ عوام کو روز مرہ استعمال کی اشیاء ارزاں نرخوں پر فراہم کی جارہی ہیں۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور نے کہا کسی کو بھی علاقے میں پرامن ماحول خراب کرنے نہیں دیا جائیگا۔

وزیراعلی نے کہا حکومت جرگے کے ذریعے دوقبائل کے درمیان امن کو یقینی بنانے کیلئے بھرپور کوششیں کررہی ہے۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ علاقے میں تمام بنکرز ختم کردئیے جائیںگے اور کسی کو بھاری ہتھیار رکھنے کی اجازت نہیں ہوگی اس کے علاوہ محکمہ داخلہ کی جانب سے قانونی ہتھیاروں کے لائسنس بھی جاری کئے جائینگے۔