Tuesday, 30 April 2024, 10:09:04 pm
گندم خریداری کا ہدف بڑھانے کیلئے صوبوں کو خط لکھیں گے،وزیراطلاعات
April 17, 2024

وزیراطلاعات ونشریات عطاء اللہ تارڑ نے بدھ کے روز کابینہ اجلاس میں کئے گئے فیصلوں کے بارے میں صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ حکومت نے صوبوں کی گندم خریداری کے اہداف میں اضافے اور اس کی اچھی قیمت طے کرنے کیلئے چاروں صوبوں کو خط لکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ یہ فیصلہ کسانوں کی زندگی میں خوشحالی لائے گا۔

وزیراطلاعات نے بتایا کہ ملک میں گندم کا وافر ذخیرہ موجود ہے اور رواں سال گندم کی بھرپور پیداوار متوقع ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس صورتحال کے دیہی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوںگے۔

عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ وفاقی کابینہ نے سعودی وفد کے حالیہ دورہ پاکستان اور مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کیلئے سعودی عرب کی جانب سے دلچسپی کے اظہار کے حوالے سے بات چیت کی۔سعودی وفد کے دورے کو انتہائی تعمیری قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ معاملات تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ معاہدوں کی تکمیل کے لئے آئندہ مہینوں میں سعودی عرب کا ایک اعلی سطح کا وفد پاکستان کا دورہ کریگا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ سعودی عرب کے نجی شعبے کا ایک وفد بھی جلد پاکستان کا دورہ کریگا اور پاکستان کے نجی شعبے میں انکی سرمایہ کاری اور شراکت داری کا معیشت پر مثبت اثر ہوگا۔وزیراطلاعات نے کہا کہ توقع ہے کہ آنے والے دنوں میں دیگر دوست ممالک سے بھی وفود کی سطح کے دورے ہوںگے۔انہوں نے کہا کہ اس بہتری کے ثمرات عوام تک پہنچیں گے۔