Friday, 17 May 2024, 06:05:26 am
وزیراعظم نے اقتصادی شراکت داری بڑھانے میں سعودی عرب کی گہری دلچسپی کو سراہا
April 30, 2024

سعودی عرب کے توانائی معیشت و منصوبہ بندی ماحولیات آبی وسائل اور زراعت کے وزراء نے بھی ریاض میں عالمی اقتصادی فورم کے خصوصی اجلاس کے موقع پر وزیراعظم شہبازشریف سے ملاقات کی۔اس موقع پرگفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے پاکستان کے ساتھ اقتصادی شراکت داری بڑھانے میں سعودی عرب کی جانب سے گہری دلچسپی کو سراہا۔ملاقات کے دوران سعودی وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان السعود نے دونوں برادر ملکوں کے درمیان توانائی کے شعبے میں تعاون کے دستیاب مواقع کو اجاگر کیا۔سعودی وزیر نے وزیراعظم کی جانب سے نشاندہی کئے گئے توانائی کے منصوبوں میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔شہبازشریف نے کہا کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کے بعد دونوں ملک بھرپور عزم کے ساتھ اقتصادی تعاون کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں۔بعد ازاں وزیراعظم نے معیشت اور منصوبہ بندی کے وزیر فیصل آل ابراہیم ماحولیات آبی وسائل اور زراعت کے وزیر عبدالرحمن عبدالمحسن AL-FADLEYسے ملاقات کی۔پاکستان کے زرعی شعبے کی صلاحیتوں کو اجاگر کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نہ صرف دونوں ملکوں بلکہ پورے خطے کے لئے غذائی تحفظ کو یقینی بنانے میں ایک کلیدی کردار ادا کرسکتا ہے۔اس موقع پر سعودی وزراء نے کہا کہ ان کا ملک زرعی شعبے میں پاکستان کی تذویراتی اور مسابقتی صلاحیتوں کو دوطرفہ تعاون کے لئے ایک اہم شعبہ سمجھتا ہے۔