Friday, 17 May 2024, 07:28:19 pm
پاکستان اور بیلا روس کا دوطرفہ تجارت کو فروغ دینے پراتفاق
April 30, 2024

پاکستان اور بیلا روس نے اقتصادی تعاون مزید مضبوط کرنے اور دوطرفہ تجارت کو فروغ دینے پراتفاق کیا ہے۔

یہ اتفاق رائے اقتصادی امور کے وزیر احد خان چیمہ اور پاکستان میں بیلا روس کے سفیر Andrei Metelitsa کے درمیان آج (منگل) کو اسلام آباد میں ملاقات میں ہوا۔

انہوں نے باہمی دلچسپی کے امور اور گزشتہ سال بیلا روس کے دارالحکومت Minsk میں پاکستان بیلا روس مشترکہ وزارتی کمیشن کے چھٹے اجلاس کے دوران کئے گئے فیصلوں پر تبادلہ خیال کیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان بیلا روس مشترکہ وزارتی کمیشن سے تجارت،سرمایہ کاری، زراعت، صحت ،سائنس، ٹیکنالوجی اور سیاحت کے شعبوںمیں مزید تعاون کی راہ ہموار ہوگی۔

انہوں نے زرعی مشینری کی ترقی کے لئے دونوں ملکوں کے نجی شعبوں کے درمیان مشترکہ منصوبوں پر زور دیا۔

اس موقع پر بیلاروس کے سفیر نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تجارت صلاحیت سے کم ہے جسے حکومتوں اور کاروبار کی سطح، روابط، تجارتی نمائشوں اور بینکوں کے طریقہ کار میں ہم آہنگی کے ذریعے بڑھانے کی ضرورت ہے۔