Friday, 17 May 2024, 09:26:40 pm
کھاد بنانے والی کمپنیاں یوریا کھاد کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ فوری واپس لیں، رانا تنویر
April 30, 2024

فائل فوٹو

وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر نے کھاد بنانے والی کمپنیوں کو ہدایت کی ہے کہ یوریا کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کو فوری طور پر واپس لیں۔

انہوں نے کھاد بنانے والی کمپنیوں کے نمائندوں سے آج (منگل) کو اسلام آباد میں ہنگامی ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے یہ ہدایات دیں۔ ان کمپنیوں میں فوجی فرٹیلائزر کمپنی اینگرو فرٹیلائزر پرائیویٹ لمیٹڈ اور فاطمہ فرٹیلائزر کمپنی شامل ہیں۔

وزیر صنعت و پیداوار نے یہ بات زور دے کر کہی کہ حکومت کی اولین ترجیح کسانوں کے مفادات کا تحفظ اور خریف کی آئندہ فصل کے لئے یوریا کی مسلسل فراہمی کو یقینی بناناہے۔

رانا تنویر حسین نے خاص طور سے کہا کہ حکومت نے دولاکھ میٹرک ٹن یوریا درآمد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر ضرورت پڑی تو مقامی ضروریات پوری کرنے کے لئے پانچ لاکھ میٹرک ٹن اضافی یوریا درآمد کیا جائے گا۔

انہوں نے فرٹیلائزر کمپنیوں کو ہدایت کی کہ وہ یوریا فرٹیلائزر کی تقسیم کے منصوبے سے ہر مہینے پیشگی آگاہ کر دیا کریں۔

وزیر پیداوار نے یہ بات زور دے کر کہی کہ پیداواری لاگت میں اضافے کے بغیر یوریا فرٹیلائزر کی قیمت میں اضافہ ناقابل قبول ہے۔