Saturday, 19 April 2025, 07:11:51 am
 
ماحولیاتی اہداف کے حصول میں نجی شعبے کا کردار اہم ہے،مصدق ملک
April 16, 2025

وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی مصدق ملک نے کہا ہے کہ ماحولیاتی اہداف کے حصول میں نجی شعبے کا کردار اہم ہے۔

"لیڈرز ان اسلام آباد سمٹ" کے افتتاحی اجلاس سے خطاب میں مصدق ملک نے کہا کہ پاکستان کو درپیش موسمیاتی تبدیلی کے بڑھتے ہوئے خطرات سے نمٹنے کے لیے بصیرت افروز قیادت اور سرکاری و نجی شعبوں کے مابین متحرک شراکت داری ناگزیر ہے۔ ملک کے بڑھتے ہوئے ماحولیاتی و موسمیاتی مسائل سے نمٹنے کے لیے سٹریٹیجک اور طویل المدتی منصوبہ بندی کے ساتھ جراتمندانہ قیادت کی اشد ضرورت ہے۔

سینیٹر ملک نے کہا  کہ پاکستان موسمیاتی بحران کی فرنٹ لائن پر کھڑا ہے۔ ہمارا مستقبل صرف پالیسی اور حکمرانی پر نہیں بلکہ اس پر بھی منحصر ہے کہ ہمارا کارپوریٹ سیکٹر اس چیلنج سے کتنی مضبوطی سے نمٹتا ہے۔ پائیداری اور موسمیاتی مزاحمت اب اختیاری نہیں بلکہ معیشت کے استحکام عوامی صحت اور قومی سلامتی کے لیے ناگزیر ہو چکی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومتی اقدامات کیساتھ ماحولیاتی اہداف کے حصول میں نجی شعبے کا کردار بھی اتنا ہی اہم ہے۔ انہوں نے کاروباری اداروں پر زور دیا کہ وہ ماحولیاتی ذمے داری کو اپنی بنیادی حکمت عملی اور کاروباری سرگرمیوں میں شامل کریں، سبز جدت (گرین انویشن) میں سرمایہ کاری کریں اور قومی و عالمی موسمیاتی وعدوں کے ساتھ ہم آہنگ رہیں۔

سینیٹر ملک نے سرکاری و نجی شعبے کے مابین کامیاب شراکت داریوں کا حوالہ دیتے ہوئے وزارت کی جاری کوششوں کو اجاگر کیا جن میں سبز انفراسٹرکچر، صاف توانائی کے فروغ، پانی کے تحفظ اور شجرکاری جیسے اقدامات شامل ہیں۔ انہوں نے کاروباری رہنماؤں پر زور دیا کہ وہ سائنس پر مبنی اہداف کو اپنائیں، دائرہ معیشت (circular economy) کے ماڈلز کو اختیار کریں اور موسمیاتی لحاظ سے ہوشمند سپلائی چینز کی حمایت کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو زیادہ سرسبز اور لچکدار معیشت کی طرف منتقل کرنے کیلئے ہمیں ایک اجتماعی تحریک کی ضرورت ہے۔ ہم ملکر نہ صرف موسمیاتی خطرات کو کم کر سکتے ہیں بلکہ پائیدار ترقی کے نئے مواقع بھی حاصل کر سکتے ہیں۔