پاکستان کی مسلح افواج کی بھارت کے خلاف فتح پر ملک اور بیرون ملک جشن منایاجارہا ہے۔لاہور میں وکلاء برادری نے دشمن کے خلاف پاکستان کی شاندار فتح کا جشن منایا۔وہ لاہور ہائیکورٹ سمیت اپنی متعلقہ عدالتوں کے احاطے میں جمع ہوئے اور مٹھائیاں تقسیم کیں۔وکلاء نعرے لگا رہے تھے اور دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے پر مسلح افواج کی بہادری کو شاندار طریقے سے خراج تحسین پیش کر رہے تھے۔مستونگ میں مسلح افواج سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلی نکالی گئی۔ریلی کے شرکاء کی جانب سے کالعدم تنظیم بی ایل اے کے جھنڈے نذرآتش کئے گئے۔اس موقع پر اسرائیل اور بھارت کے خلاف نعرے بھی لگائے گئے۔دیگر ملکوں میں بھی بھارت کے خلاف پاکستان کی فتح کا جشن منایا جا رہا ہے۔ آذربائیجان میں بھی لوگوں نے افواج پاکستان سے اظہار یکجہتی کیا اورجشن منایا۔لندن میں بھی لوگ پاکستانی پرچم اٹھائے سڑکوں پر نکل آئے اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے۔بھارتی جارحیت کے خلاف کامیاب جوابی کارروائی پر ضلع خیبر کے علاقے لنڈی کوتل میں پاک فوج سے اظہار یکجہتی کیلئے ایک ریلی نکالی گئی۔ریلی کے شرکاء نے وطن عزیز کے دفاع کے لئے اعلیٰ کارکردگی اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرنے پر پاک فوج کے حق میں نعرے لگائے۔ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ قبائلی عمائدین اور نوجوان ملک کے دشمنوں کے مذموم عزائم ناکام بنانے کیلئے مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔