Tuesday, 08 October 2024, 09:47:01 pm
 
وفاقی کابینہ کی فلسطین اور لبنان کی مدد کیلئے وزیراعظم ریلیف فنڈ قائم کرنے کی منظوری
October 08, 2024

وفاقی کابینہ نے فلسطین اور لبنان میں اسرائیلی مظالم سے متاثرہ افراد کی مدد کے لئے وزیراعظم ریلیف فنڈ قائم کرنے کی منظوری دی ہے۔

یہ منظوری آج(منگل کو) اسلام آباد میں وزیراعظم شہبازشریف کے زیرصدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں دی گئی۔

کابینہ نے اس مقصد کیلئے اسٹیٹ بینک کو ایک اکاؤنٹ کھولنے کیلئے ضروری ہدایات بھی جاری کیں۔

منصوبہ بندی کے وزیر احسن اقبال فلسطین اور لبنان کے لئے امدادی کارروائیوں کی نگرانی کرینگے۔

اجلاس کو وفاقی وزارتوں اور محکموں میں ای آفس پر عملدرآمد کے بارے میں بتایا گیا۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ حکومت کے ای گورننس پروگرام پر عملدرآمد کے اقدامات کے نتیجے میں اقوام متحدہ کے ای گورننس ڈویلپمنٹ انڈیکس میں پاکستان کی درجہ بندی میں چودہ درجے بہتری آئی ہے۔

اجلاس کو مزید بتایاگیا کہ وفاقی حکومت کی تمام چالیس ڈویژنوں میں ای آفس پر عملدرآمد جاری ہے جبکہ کچھ وزارتوں میں یہ عمل مکمل ہو گیا ہے۔

وزیراعظم نے ای آ فس میں مزید بہتری لانے اور دو ہفتے بعد اس حوالے سے پیشرفت کا جائزہ لینے کی ہدایات جاری کیں۔