Sunday, 06 September 2026, 04:18:20 pm
 
خیبر پختونخوا میں مختلف جھڑپوں کے دوران 21 خوارج ہلاک
September 06, 2026

سکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا میں متعدد جھڑپوں کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج کے مزید اکیس خوارج کو ہلاک کر دیا ہے۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق، شمالی وزیرستان میں اکتیس اگست اور یکم ستمبر کی درمیانی شب پاکستان ۔ افغانستان سرحد پر سکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی کے بعد علاقے میں چھپے مزید دس خوارج کو جہنم واصل کر دیا گیا۔

اس طرح پاکستان میں دراندازی کی کوشش کرنے والے اور سکیورٹی فورسز کے ہاتھوں ہلاک کیے گئے خوارج کی مجموعی تعداد پچیس ہوگئی۔

شمالی وزیرستان میں ایک اور جھڑپ کے دوران سکیورٹی فورسز نے پاک ۔ افغان سرحد پر خوارج کے ایک اور گروہ کی نقل و حرکت کا سراغ لگایا۔

سکیورٹی فورسز نے گروہ کو موثر انداز میں نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں انتہائی درست انداز میں اور مہارت سے کی گئی کارروائی کے دوران سات خوارج ہلاک کر دیے گئے۔

کوہاٹ اور ڈیرہ اسماعیل خان کے اضلاع میں مشترکہ کارروائیوں کے دوران دو الگ الگ جھڑپوں میں مزید چار خوارج بھی مارے گئے۔

صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر اور انسدادِ دہشت گردی کی کارروائیوں کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

انہوں نے اپنے الگ الگ بیانات میں پاک افغان سرحد سے خوارج کی پاکستان میں داخل ہونے کی کوششوں کو موثر انداز میں ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔

انہوں نے دہشت گردوں کے خلاف موثر اور بروقت کارروائی پر بھی اطمینان کا اظہار کیا۔