Thursday, 31 October 2024, 03:18:33 am
 
مودی سرکار حالات معمول پر آنے کے دعوؤں سے زمینی حقائق کو چھپا نہیں سکتی،حریت کانفرنس
October 30, 2024

غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ مودی کی قیادت میں بھارتی حکومت کے حالات معمول پرآنے کے دعوئوں سے زمینی حقائق کو چھپایا نہیں جاسکتا کیونکہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں ظلم وجبر کاسلسلہ آج بھی جاری ہے۔

 کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں ایک بیان میں معصوم شہریوں کے قتل وغارت پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔

 انہوں نے افسوس ظاہر کیا کہ صورتحال خاص طور پر حالیہ انتخابات کے بعدمزید خراب ہوئی ہے جن کو مودی حکومت نے مسئلہ کشمیر کے حل کے طور پر پیش کیاتھا۔

 ایڈوکیٹ منہاس نے کہاکہ کشمیری عوام کی تحریک حق خودارادیت کو دبانے کیلئے ماورائے عدالت قتل، جبری گمشدگیوں،جعلی مقابلوں اور دیگر ظالمانہ ہتھکنڈوں سمیت انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں خطرناک حد تک اضافہ ہوا ہے۔

 انہوں نے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارتی فوجیوں کی طرف سے کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کوروکنے کیلئے فوری اقدامات کریں۔