Friday, 03 January 2025, 01:45:24 am
 
پنجگور میں مسلح افراد کی فائرنگ، 5 افراد جاں بحق، 2 زخمی
October 29, 2024

بلوچستان کے ضلع پنجگور میں مسلح افراد کی فائرنگ سے 5 افراد جاں بحق اور دو زخمی ہوگئے۔

فائرنگ کا واقعہ پاروم کے علاقے میں پیش آیا۔

بلوچستان حکومت کے ترجمان شاہد رند کے مطابق یہ افراد ایک ڈیم پرکام کررہے تھے۔

صدر آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے اپنے الگ الگ بیانات میں واقعے میں جاں بحق ہونے والوں کے ورثا سے اظہار یکجہتی کیا اور مرحومین کے بلندی درجات کیلئے دعا کی۔

صدر نے کہا کہ دہشت گرد ملک کی ترقی اور صوبے کی خوشحالی کے دشمن ہیں اور وہ صوبے کو ترقی کرتے نہیں دیکھنا چاہتے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ حملے میں ملو ث افراد کی شناخت کرکے انہیں قرار واقعی سزا دیں۔

انہوں نے کہا کہ شر پسند عناصر اپنی بزدلانہ کارروائیوں سے بلوچستان کی ترقی کے حکومتی عزم کو کمزور نہیں کرسکتے۔

بلوچستان کے وزیراعلیٰ میرسرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ پنجگور واقعے میں ملوث دہشت گردوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔

انہوں نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے مرحومین کے ایصال ثواب کیلئے دعا اور سوگوار خاندانوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا۔