قومی اسمبلی کے سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ پاکستان اور سویڈن کے پاس دوطرفہ تعاون کو مستحکم بنانے اور وسیع تر اور جامع تعلقات استوار کرنے کے وسیع مواقع ہیں۔
انہوں نے یہ بات سویڈن کی سفیر الیگزینڈرا برگ وان لنڈے سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے اسلام آبا میں ان سے ملاقات کی۔
سپیکر نے کہا کہ یہ تعلقات مضبوط اقتصادی رابطوں پر مبنی ہوسکتے ہیں اور انہیں سیاسی تعلقات' تجارت' سرمایہ کاری' تعلیم اور عوام کی سطح پر رابطوں تک وسعت دی جاسکتی ہے۔
انہوں نے سویڈن کے سرمایہ کاروں پر زور دیا کہ وہ بجلی کی پیداوار' ٹیلی مواصلات' تیل کی تلاش' تجارت اور صنعت جیسے اہم شعبوں میں مواقع تلاش کریں جہاں ترقی کے وسیع امکانات موجود ہیں۔
الیگزینڈرا برگ وان لنڈے نے پاکستان کے ساتھ دوستی مضبوط بنانے کے لئے سویڈن کے مضبوط عزم کااظہارکرتے ہوئے کہا کہ سویڈن پاکستان کو اپنا اہم اقتصادی شراکت دار سمجھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سویڈن کی تاجر برادری کو پاکستان میں موجود وسیع اقتصادی مواقع کا اندازہ ہے اور وہ ان سے استفادہ کرنے کی خواہشمند ہے۔