Thursday, 30 January 2025, 10:15:55 am
 
وزیر خزانہ کا ترسیلات زر اور آئی ٹی برآمدات میں اضافے پر اطمینان کا اظہار
January 28, 2025

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ترسیلات زر اور آئی ٹی برآمدات میں اضافے پر اطمینان ظاہر کیا ہے۔

انہوں نے اسلام آباد میں معیشت پر مذاکرے کے عنوان سے ایک تقریب میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پالیسی ریٹ میں کمی مثبت اقدام ہے کیونکہ اس سے تاجروں کے اعتماد میں اضافہ ہو گا۔

وفاقی وزیرنے تنخواہ دار طبقے کے لئے ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کے فارم کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملازمین کی سہولت کیلئے اسے آسان بنا دیا گیا ہے۔

محمد اورنگزیب نے آئندہ مالی سال کیلئے بجٹ پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صنعت و تجارت کے مختلف ایوانوں کے نمائندوں سے آئندہ ماہ ملاقاتیں کی جائیں گی تاکہ بجٹ کے بارے میں ان کی تجاویز لی جاسکیں۔

انہوں نے کہا کہ سرکاری محکموں سے بھی کہا ہے کہ وہ آئندہ مالی سال کے بجٹ کیلئے اپنے اخراجات سے آگاہ کریں۔

وزیر خزانہ نے آئی ایم ایف سے کیے گئے وعدوں کی پاسداری کرنے کے حکومتی عزم کا بھی اظہار کیا۔