Thursday, 30 January 2025, 09:56:22 am
 
حکومت نوجوانوں کوبااختیاربنانے کیلئے پرعزم ہے،وزیراعظم
January 28, 2025

وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان متعدد اقدامات کے ذریعے نوجوانوں کو با اختیار بنانے کے لئے پوری طرح پر عزم ہے۔

اسلام آباد میں دولت مشترکہ یوتھ الائنس اجلاس کی افتتاحی نشست سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان اقدامات میں ہمارا فلیگ شپ یوتھ پروگرام بھی شامل ہے جس سے نہ صرف پنجاب بلکہ پاکستان بھر میں ہمارے لاکھوں لڑکوں اور لڑکیوں کو با اختیار بنایا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہماری قوموں کا مستقبل بلاشبہ ہمارے نوجوانوں کے ہاتھ میں ہے جو دولت مشترکہ کی آبادی کا ساٹھ فیصد سے زائد ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان نوجوانوں کو بھرپور تربیت اور جدید ترین ٹیکنالوجی اور فنی مہارت سے آراستہ کرکے عظیم شخصیات بننا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ یہ اقدام دولت مشترکہ کے ممالک میں ہمارے نوجوانوں کو ایک پر امن ترقی پسند اور خوشحال مستقبل کے حصول کے قابل بنائے گا۔

شہبازشریف نے کہا کہ بطور بانی رکن پاکستان دولت مشترکہ اور اس کے اداروں کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دولت مشترکہ ایشیا یوتھ الائنس اتفاق رائے پیدا کرنے اور اہم عالمی مسائل کے تناظر میں شراکت داری کیلئے ایک اہم پلیٹ فارم ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ قوم کی ترقی میں نوجوانوں کے کردار سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔

اپنی تقریر کو سمیٹتے ہوئے وزیراعظم نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ آگے بڑھنے کے خواب دیکھیں، حوصلے سے کام کرتے ہوئے انتھک محنت کریں اور اپنی صلاحیتوں پر یقین رکھیں۔

اس موقع پر وزیراعظم نے نیشنل یوتھ کونسل کے نومنتخب ارکان سے حلف لیا اور مختلف شعبوں میں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں میں ایوارڈ تقسیم کئے۔