صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے مستونگ کے قریب فائرنگ کے واقعے کی شدید مذمت کی ہے، جس میں سیشن جج عبدالکریم کاکڑ اور جوڈیشل مجسٹریٹ طارق لاشاری کو نشانہ بنایا گیا۔
اپنے الگ الگ پیغامات میں انہوں نے سیشن جج عبدالکریم کاکڑ اور ان کے گن مین کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
انہوں نے مرحومین کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی اور سوگوار خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔
دونوں رہنماؤں نے جوڈیشل مجسٹریٹ طارق لاشاری اور حملے میں زخمی ہونے والے دیگر افراد کی جلد صحت یابی کے لیے بھی دعا کی۔
صدر نے کہا کہ شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کی لعنت کے مکمل خاتمے تک اپنی جدوجہد جاری رکھے گا۔
وزیراعظم نے بھی ملک سے دہشت گردی کو اس کی تمام شکلوں میں ختم کرنے کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا۔