بنگلہ دیش کے روز نامہ JUGANTOR کے نیوز ایڈیٹر حق فاروق احمد نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان عوامی روابط مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
انہوں نے ریڈیو پاکستان لاہور کے نمائندے احمد کمال کو خصوصی انٹرویو میں بتایا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے ذرائع ابلاغ کے درمیان اشتراک عمل ناگزیر ہے تاکہ دونوں ملکوں کے عوام کو ان ملکوں کی تازہ ترین صورتحال سے باخبر رکھا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ حالیہ پیشرفت کے بعد بنگلہ دیش میڈیا میں پاکستان کا مزید مثبت تشخص اجاگر کیا گیا ہے۔
انہوں نے باہمی تعاون کو فروغ دینے کیلئے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے سے وابستہ نوجوانوں کے وفود کے تبادلے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔