Wednesday, 08 May 2024, 11:54:18 pm
روس نے سیاسی نقشےپرپاکستان کے موقف کی حمایت کی ہے:معید یوسف
September 16, 2020

قومی سلامتی کے بارے میں وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر معید یوسف نے کہاہےکہ روس نے سیاسی نقشے پر پاکستان  کے موقف کی حمایت کی ہے۔

 بدھ کے روز اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے قومی سلامتی کے مشیروں کے گزشتہ روز کے اجلاس میں پاکستان کے سیاسی نقشے کے بارے میں بھارت کے اعتراضات مسترد کردئیے گئے ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ بھارت نے گیارہ ستمبر کو پاکستان کے سیاسی نقشے سے متعلق شکایت کی اور پاکستان نے تنظیم کو اپنا تحریری جواب جمع کرایا۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی نمائندے اجیت دوول نےشنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ملکوں کے قومی سلامتی کے مشیر کے اجلاس میں پاکستان کے سیاسی نقشے پر باضابطہ طورپر اعتراض اٹھایا اور کسی کو سنے بغیر اجلاس چھوڑ کر چلے گئے۔

 ڈاکٹر معید یوسف نے کہا کہ بھارت کو عالمی قانون کے تحت متنازعہ علاقے جموں و کشمیر کو اپنا حصہ ظاہر کرنے کا کوئی حق حاصل نہیں۔

انہوں نے کہا کہ  پاکستان تمام عالمی فورموں پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر سے متعلق اپنی آواز بلند کرتا رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم علاقائی تعاون کا  پلیٹ فارم ہے اور پاکستان اس فورم میں تعمیری کردار ادا کررہا ہے۔

 ایک سوال کے جواب میں معاون خصوصی نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن اور خوشحالی کےلئے کام کرنے کا خواہاں ہے۔

افغان مسئلے کے حوالے سے معید یوسف نے کہا کہ پوری دنیا نے افغانستان میں قیام امن کےلئے پاکستان کی کوششوں کا اعتراف کیا ہے۔

Error
Whoops, looks like something went wrong.