Thursday, 15 May 2025, 10:04:14 pm
 
پیپرا میں ای پروکیورمنٹ کے جدید نظام کا نفاذ
May 14, 2025

پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی (پیپرا) کے منیجنگ ڈائریکٹر حسنات احمد قریشی نے کہا ہے کہ وزیرِ اعظم پاکستان کے معیشت کو ڈیجیٹل بنیادوں پر استوار کرنے کے وژن پر عمل کرتے ہوئے، پیپرا نے ای پروکیورمنٹ کا جدید نظام کامیابی کے ساتھ نافذ کر دیا ہے۔ ای پیڈز سسٹم کے تحت اب تک۲۸ ہزار سے زائد سپلائرز کی رجسٹریشن مکمل ہوچکی ہے، جن میں چار سو سے زائد غیر ملکی کمپنیاں بھی شامل ہیں۔ایک بیان میں انہوں نے بتایا کہ پیپرا نے سرکاری سطح پر خریداری کے عمل کو جدید خطوط پر استوار کرتے ہوئے ایک مؤثر فریم ورک اور معیاری طریقہ کار تشکیل دیا ہے۔ اس ضمن میں نمایاں پیش رفت ای پروکیورمنٹ سسٹم یا ای پیڈزکا نفاذ ہے،۔ جس کے ذریعے خریداری کا پورا عمل ڈیجیٹل اور خودکار بنایا جا چکا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ای پیڈز سسٹم، ایف بی آر اور سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان سے تصدیق کے بعد غیر ملکی کمپنیوں کی محض ۲۴ گھنٹوں میں رجستریشن مکمل کر لیتا ہے۔ سپلائرز اپنے لیپ ٹاپ یا موبائل فون کے ذریعے سرکاری ٹینڈرز میں حصہ لے سکتے ہیں۔ اب انہیں دفاتر کے چکر لگانے کی ضرورت ہے، اور نہ ہی ٹینڈر دستاویزات کی خریداری پر رقم خرچ کرنی پڑتی ہے۔ پورا عمل ایک محفوظ، جدید، اور صارف دوست آن لائن پلیٹ فارم کے ذریعے انجام دیا جاتا ہے۔