پاکستان نے اس دعوے کو مسترد کیا ہے کہ اس کی فوج پاک افغان سرحد پر غیرقانونی طورپر باڑ لگارہی ہے۔
یہ بات ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چودھری نے افغان ذرائع ابلاغ میں شائع ہونے والی خبروں اور افغان وزارت خارجہ کے بیان کے ردعمل میں کہی۔
ترجمان نے واضح کیا کہ پاک افغان سرحد کے ساتھ باڑ پاکستان کے سخت سکیورٹی خدشات کو دور کرنے کےلئے لگائی جارہی ہے اور یہ اقدام افغان علاقے میں تجاوز کئے بغیر بین الاقوامی قانون کے مطابق ہے۔
ترجمان نے کہا کہ کسی بھی قسم کی غلط فہمیوں کو دور کرنے کےلئے افغان حکام کو متعلقہ ادارہ جاتی طریقہ کاروں کے ذریعے سرحدی امور کے بارے میں بہتر طور پر آگاہ کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ یہ افسوسناک بات ہے کہ افغانستان نے مشترکہ جغرافیائی سروے کےلئے پاکستان کی تجویز کا مثبت انداز میں جواب نہیں دیا۔
ترجمان نے اس موقف کا اعادہ کیا کہ پاکستان افغانستان کی علاقائی سا لمیت کا احترام کرتا ہے اور اقوام متحدہ کے منشور کے اصولوں کے مطابق برادر ملک کے ساتھ اپنے تعلقات کو آگے بڑھانا چاہتا ہے اور افغانستان سے ایسے ہی ردعمل کی توقع رکھتا ہے۔