Friday, 26 April 2024, 06:48:05 pm
دنیا بھر میں اور کنٹرول لائن کے دونوں جانب کشمیری آج یوم شہدائے کشمیر منارہے ہیں
July 13, 2020

دنیا بھر میں اور کنٹرول لائن کے دونوں جانب کشمیری تیرہ جولائی انیس سو اکتیس کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے آج یوم شہدائے کشمیر منارہے ہیں۔مقبوضہ کشمیر میں اس دن کے موقع پر آج مکمل ہڑتال کی جارہی ہے۔ ہڑتال کی اپیل بزرگ حریت رہنما سیّد علی گیلانی، کل جماعتی حریت کانفرنس اور میر واعظ کی زیر قیادت حریت فورم نے کی ہے جس کا مقصد مسئلہ کشمیر کے پُرامن اور منصفانہ حل اور کشمیریوں اور حریت رہنمائوں کے خلاف بھارتی مظالم کا سلسلہ بند کرانے کی فوری ضرورت کا اعادہ کرنا ہے۔سید علی گیلانی نے ایک ٹوئیٹ میں کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام آزادی کے حصول تک بھارتی مظالم کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔میر واعظ عمر فاروق کی زیر قیادت حریت فورم نے کہا کہ تیرہ جولائی انیس سو اکتیس جموں کشمیر کی تاریخ میں ایک سنگِ میل ہے اس دن جب پہلی مرتبہ کشمیری عوام ظالم اور طالع آزما حکمران کے خلاف مشترکہ طور پر اُٹھ کھڑے ہوئے تھے۔ڈوگرہ مہاراجہ کی فوج نے تیرہ جولائی 1931 کو عبد القدیر نامی نوجوان کے خلاف عدالتی کارروائی کے دوران سرینگر میں سنٹرل جیل کے باہر یکے بعد دیگرے بائیس کشمیریوں کو شہید کردیا تھا ۔ عبدالقدیر نے کشمیری عوام کو ڈوگرہ راج کے خلاف متحد ہونے کو کہا تھا۔تیرہ جولائی انیس سو اکتیس کو نماز ظہر کے وقت ایک نوجوان نے اذان دینا شروع کی لیکن مہاراجہ کے سپاہیوں نے اس کو فائرنگ کرکے شہید کردیا۔ اذان دینے کا سلسلہ جاری رہا اور اس عمل کی تکمیل تک بائیس نوجوانوں نے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور تاریخ میں زندہ جاوید ہوگئے۔کل جماعتی حریت کانفرنس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس دن سرینگر میں مزار شہداالنقش بند صاحب کی جانب مارچ کریں جہاں 1931 کے شہداء مدفون ہیں۔

کشمیر لبریشن سیل ،حریت تنظیموں ،سیاسی، سماجی اور مذہبی جماعتوں نے 13 جولائی 1931 کے شہدا کوخراج عقیدت پیش کرنے کےلئے آزاد کشمیر کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں ریلیوں، تقریبات اور سیمیناروں کا اہتمام کیا ہے۔

 ریاستی دارالحکومت مظفر آباد میں اس دن کے حوالے سے مرکزی تقریب وزیراعظم سیکرٹریٹ میں منعقد ہوئی جہاں وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر راجہ فاروق حیدر خان مہمان خصوصی تھے۔

پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کےلئے سلامی دی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے راجہ فاروق حیدر خان نے ان 22 کشمیریوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے 13 جولائی1931 کو جام شہادت نوش کیا انہوں نے شہدا کے مشن کو جاری رکھنے کا عزم بھی ظاہر کیا۔

Error
Whoops, looks like something went wrong.