وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ پیٹرولیم کے شعبے کے مسائل سے نمٹنے کیلئے توانائی سے متعلق مربوط منصوبہ بندی پر کام کیا جارہا ہے۔
وہ عالمی بینک کے ریجنل ڈائریکٹر برائے جنوبی ایشیا پنکج گپتا سے گفتگو کر رہے تھے جنہوں نے اسلام آباد میں ان سے ملاقات کی۔
ملاقات میں پیٹرولیم کے شعبے میں تکنیکی معاونت کے پروگراموں پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔
پنکج گپتا نے عالمی بینک کی پاکستان کی توانائی اصلاحات کی حمایت کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ایک اور ملاقات میںایشیائی ترقیاتی بینک کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے علی پرویز ملک نے کہا کہ حکومت سرمایہ کاروں کو ہر شعبے میں سہولتیں فراہم کر رہی ہے۔
وفاقی وزیر نے ریکوڈک منصوبے کیلئے سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کرنے پر ایشیائی ترقیاتی بینک کو سراہا کیونکہ اس منصوبے سے بین الاقوامی سرمایہ کاری کی مزید راہیں کھلیں ہوں گی۔
بعد ازاں عالمی بینک کے وفد نے اسلام آباد میں وزیرتوانائی سردار اویس احمد خان لغاری سے بھی ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران وفد نے پاکستان کے توانائی کے شعبے میں جاری اصلاحات' نجکاری اور طویل مدتی تعاون کے مواقع پرتبادلہ خیال کیا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت سرمایہ کاری اور تکنیکی مہارت میں مواقع بروئے کار لانے کیلئے سرکاری و نجی شراکت داری کو مؤثر طریقے سے فروغ دے رہی ہے۔