Friday, 09 May 2025, 10:58:31 pm
 
قومی اسمبلی،پاکستان اپنی خودمختاری اورعلاقا ئی سا لمیت کا ہرقیمت پردفاع کرے گا
May 09, 2025

قومی اسمبلی کو آج بتایاگیا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے تاہم وہ اپنی علاقائی سا لمیت اور خودمختاری کا ہر قیمت پر دفاع کرے گا۔

ریلویز کے وزیر حنیف عباسی نے بحث میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ بھارت دنیا کا سب سے بڑا دہشت گردہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ملک میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں بھارت کے ملوث ہونے کے حوالے سے دستاویزات پیش کی ہیں۔

سنجے پروانی نے اس موقع پر اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ بھارت پاکستان پر بے بنیا د الزامات لگانے کا عادی ہے اور پہلگام واقعے کے بعدبھی ایسا ہی ہوا۔

صدیق میمن نے بھارتی جارحیت کا پوری طاقت سے منہ توڑ جواب دینے پر مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کیا۔

جمعیت علمائے اسلام(ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ بھارت نے مساجد اور مدارس کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں شہری جانوں کا ضیاع ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان کی جماعت بھارتی جارحیت کی مذمت کیلئے آج یوم دفاع وطن منارہی ہے۔

قومی تحفظ خوراک کے وزیر رانا تنویر حسین نے کہا کہ ہماری افواج دنیا کی بہترین افواج میں سے ہیں اور دشمن بھی ہماری صلاحیتوں سے بخوبی آگاہ ہے۔

مصباح الدین نے کہا جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں ہے تاہم اگر دشمن کی طرف سے جنگ مسلط کی گئی تو ہماری مسلح افواج پوری قوم کی حمایت سے وطن عزیز کی خود مختاری اور علاقائی سا لمیت کا دفاع کرنے کی پوری صلاحیت رکھتی ہیں۔

حاجی رسول بخش چانڈیو نے کہا کسی کو پاکستان پر بری نظر ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ملک کی مسلح افواج بھارت کی جارحیت سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کے لئے مکمل طور پر تیار ہیں۔

قومی اسمبلی میں اظہارخیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہماری افواج کنٹرول لائن اور ورکنگ بائونڈری پر دشمنوں کی فوج سے بہادری سے لڑ رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے بھارت کے مذموم عزائم کو کامیابی سے ناکام بنایا ہے جس نے وہاں کے عوام، مسلح افواج اور سیاسی جماعتوں کے حوصلے پست کردیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے عوام، مسلح افواج، سیاسی جماعتوں اور معاشرے کے تمام طبقات کے حوصلے بلند ہیں۔